بھٹکل 4مئی (ایس او نیوز)ادھر بارش کے موسم کا آغاز ابھی پوری طرح ہوا نہیں ہے اور نیشنل ہائی وے کے توسیعی کام سے عوام کو ہونے والی مصیبتوں کی شروعات ہوگئی ہے۔ موصولہ تفصیلات کے مطابق بیلکے گرام پنچایت کے علاقے میں بیدراکیری نامی مقام پر پرسوں ہونے والی بارش کے بعدسڑک پر ادھر ادھر بہتا ہوا پانی ایک کنویں میں اتر پڑا اور کنویں کو پوری طرح ناقابل استعمال کرکے رکھ دیا۔اور وہ بھی ایسے وقت میں جب کہ ہر طرف پینے کے پانی کی قلت نے لوگوں کو بے حال کرکے رکھا ہوا ہے۔
بیدرا کیری میں رمانند او بھرت نامی شخص کے گھر کا کنواں بڑا صاف ستھرا تھا اور خود ان کے علاوہ اطراف کے لوگوں کے لئے پینے کا پانی اسی کنویں سے دستیاب ہورہا تھا۔لیکن گزشتہ دو دن کی برسات کے دوران سڑک اور اطراف کا پانی اس کنویںمیں اترنے کی وجہ سے رمانند ہی نہیں بلکہ اطراف کے لوگ بھی پریشان ہوگئے ہیں ۔ صورتحال یہ ہے کہ نیشنل ہائی وے کے لئے کی جانے والی کھدائی اور برساتی پانی کی نکاسی کے لئے تعمیر ہونے والی سی ڈی کی وجہ سے اتنی ڈھلان بن گئی ہے کہ سڑکوں اور اطراف سے برسات کا گنداور کیچڑبھرا پانی سیدھے نریندرا کے کنویں میں اتر رہا ہے۔
خبر ہے کہ ہائی وے کے لئے زمین تحویل میں لیتے وقت افسران نے اس کنویں اور اطراف کی زمین کو چھوڑ دیا تھا۔ مگر برساتی نالے کی تعمیر کے وقت کنویں کے بالکل قریب ہی بہت زیادہ کھدائی کرنے سے اب یہ مشکل کھڑی ہوگئی ہے اور یہ ایک مستقل مسئلہ بن گیا ہے۔
اس موقع پر نریندرا کے مکان پر جمع عا م لوگوں نے نیشنل ہائی وے کی ٹھیکیدار کمپنی آئی آر بی کے خلاف اپنی سخت برہمی کا اظہارکیا۔اور مطالبہ کیا کہ بھٹکل تعلقہ میں جہاں جہاں ہائی وے کا کام چل رہا ہے وہاں کا جائزہ لیں اور فوری اس قسم کے واقعات پر روک تھام کے اقدامات کریں۔پتہ چلا ہے کہ نریندرا کی جو زمین نیشنل ہائی وے کی تعمیر کے لئے سرکاری تحویل میں لی گئی تھی اس کا معاوضہ تو انہیںمل چکا ہے، مگر اس میں کنویں کا کوئی ذکرنہیں ہے۔ اس لیے ان کا کہنا ہے کہ کنویں کا معاوضہ ادا کیے بغیر موجودہ کنویں کو برباد کرنابڑی پریشانی کا باعث بن گیا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کنویں کا معاوضہ اگر ادا کربھی دیا جاتا ہے تب بھی اتنی زیادہ مقدار میں پانی ملنے والی جگہ نزدیک میں نہیں ہے۔ اس طرح کنواں کمپنی کی طرف سے ہی انہیں فراہم کیاجانا چاہیے۔
کسانوں کے ایک لیڈر شریدھر ہیبار کو جیسے ہی اس بات کی اطلاع ملی کہ نیشنل ہائی وے کی لاپرواہی سے متعلقہ بیدراکیری میں ایک کنواں خراب ہوگیا ہے تو وہ انہوں نے موقع پر پہنچ کرجائزہ لینے کے بعدنیشنل ہائی وے کا کام کرنے والے ذمہ داروں سے بات چیت کی ۔پتہ چلا ہے کہ متعلقہ افسران نے عارضی طور پر کچھ راحت پہنچانے کا وعدہ کیا ہے۔